کاروار 18،؍جنوری (ایس او نیوز)کاجو باغ کے علاقے میں واقع بی ایس این ایل بھون کے ایک کمرے میں اچانک آگ بھڑک اٹھنے کی خبر موصول ہوئی ہے۔ جس کی وجہ سے وہاں پر موجود مشینری، الیکٹرک بورڈس ، پنکھے اور دیگر اشیاء جل کر خاک ہوگئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق فائر بریگیڈ عملہ نے بروقت جائے حادثہ پر پہنچ کرآگ پر قابو پالیا ورنہ بہت زیادہ نقصان کا امکان پیدا ہوگیا تھا۔ آگ کی وجہ سے پوری عمارت دیکھتے ہی دیکھتے گہرے دھویں میں ڈوب گئی اور وہاں پر ڈیوٹی پر موجود بہت ساری خواتین اسٹاف کو سانس کی دشواری سے گزرنا پڑا۔اس دوران حاضر دماغی کا ثبوت دیتے ہوئے کچھ لوگوں نے آگ لگنے والے کمرے کی کھڑکیوں کے شیشے توڑ دئے جس سے دھواں بڑی تیز سے باہر نکلنے لگا اور اسٹاف کو بحفاظت وہاں سے نکال لیا گیا۔حالانکہ آگ لگنے کا سبب ابھی تک معلوم نہیں ہوا ہے، لیکن گمان کیا جاتا ہے کہ شارٹ سرکیوٹ کی وجہ سے یہ آگ بھڑکی ہوگی۔